جناب جسٹس محمود مقبول باجوہ

جج، وفاقی شرعی عدالت، پاکستان

2

بطور جج وفاقی شرعی عدالت تعیناتی مورخہ 10؍ اگست 2017ء

    جناب جسٹس محمود مقبول باجوہ صاحب 27؍ ستمبر 1954ء؁ کو خانیوال میں پیدا ہوئے۔ آپ نے گورنمنٹ ہائی سکول/کالج، خانیوال سے گریجوایشن تک تعلیم حاصل کی۔ 1975-77 میں آپ نے پنجاب یونیورسٹی لاء کالج، لاہور سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔

 1979ء؁ میں آپ بطور سول جج منتخب ہوئے۔ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے مقابلے کے امتحان میں آپ نے مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ 1995ء؁ میں بطور سینئر سول جج ترقی حاصل کی اور 1997ء؁ میں بطور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ترقی عمل میں آئی۔ آپ نے بطور جج لیبر کورٹ عرصہ چھ ماہ تک خدمات سرانجام دیں۔ بطور جج، انسداد دہشتگردی مئی 1999ء؁ سے اکتوبر 2003ء؁ تک آپ تعینات رہے۔ فروری 2003ء؁ میں بطور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ترقی ہوئی۔ سانحہ ڈونگا بونگا (بہاولنگر) کی تحقیقات کے لئے ایک رکنی ٹریبونل کے طور پر کام کیا۔ آپ نے وزارت قانون میں بطور جوائنٹ سیکرٹری تقریباً دو سال تک خدمات بھی سرانجام دیں۔آپ نے سولیسٹر آف پاکستان میں بھی خدمات سرانجام دیں۔

جناب جسٹس باجوہ صاحب بطور وزیٹنگ فیکلٹی ممبر پاکستان لاء کالج لاہور، سٹی لاء کالج لاہور، مسلم لاء کالج، راولپنڈی، پنجاب لاء کالج راولپنڈی اور فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی، اسلام آباد میں درس و تدریس سے بھی وابستہ رہے۔ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں بھی وزیٹنگ فیکلٹی ممبر کے طور پر تعینات رہے۔

مورخہ 12؍ مئی 2011ء؁میں بطور جج، لاہور ہائی کورٹ تعیناتی سے قبل تک بطور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مظفر گڑھ، بہاولنگر، ننکانہ صاحب، گجرات، فیصل آباد اور راولپنڈی میں خدمات سرانجام دیں۔ بطور جج ہائی کورٹ تعیناتی کے دوران آپ عرصہ قریباً ڈیڑھ سال تک پنجاب ماتحت عدلیہ سروس ٹریبونل کے چیئرمین رہے۔ آپ ممبر سینڈیکیٹ، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، ٹیکسلا بھی تعینات رہے۔

اپریل 2015ء؁ سے بطور جج، لاہور ہائی کورٹ اپنی ریٹائرمنٹ تک آپ نے بطور انتظامی جج، انسداد دہشتگردی عدالت، پنجاب کے خدمات سرانجام دیں۔

آپ نے اپنے پورے کیریئر میں متعدد سیمینارز اور کانفرنسوں میں شرکت کی۔ مورخہ 26؍ ستمبر 2016ء؁ کو آپ بطور جج، لاہور ہائی کورٹ ریٹائر ہوئے۔

وفاقی شرعی عدالت میں تعیناتی سے قبل آپ نے بطور چیئرپرسن، پنجاب ماحولیاتی تبدیلی ٹریبونل خدمات سرانجام دیں۔

آپ نے بطور جج ، وفاقی شرعی عدالت، مورخہ10؍ اگست 2017ء؁ کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔